رمی بائیں ہاتھ سے کرنا کیسا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
کیا حج کی رمی دائیں ہاتھ سے کرنا ضروری ہے ؟
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں پیدائشی طور پر بایاں ہاتھ زیادہ استعمال کرتا ہوں۔ کھانے پینے میں کافی کوشش کر کے دائیں ہاتھ کو استعمال کرنے لگ گیا ہوں، لیکن مختلف چیزوں میں ابھی بھی بائیں ہاتھ کو ہی استعمال کرتا ہوں۔ سوال یہ ہے کہ ابھی حج پر ہوں، تو کیا رمی بائیں ہاتھ سے کر سکتا ہوں؟ یا دایاں ہاتھ استعمال کرنا ضروری ہے؟
جواب
دائیں ہاتھ سے رمی کرنا ”مستحب“ ہے، البتہ بائیں ہاتھ سے بھی جائز اور درست ہے۔ یاد رہے کہ اگر دایاں ہاتھ استعمال کرنے کی کوشش میں رمی ہی درست طریقے سے نہ ہو پائے، یعنی کنکر پھینکا جائے، لیکن وہ جمرہ یا اُس سے تین ہاتھ کے فاصلے تک نہ پہنچے، تو پھر لازمی طور پر بایاں ہاتھ ہی استعمال کیا جائے، تا کہ رمی کا واجب درست طریقے کے مطابق ادا ہو جائے۔
رمی کے لیے دایاں ہاتھ استعمال کرنا ”مستحب“ ہے۔ ”لباب المناسک“ میں ہے: یستحب الرمی بالیمنی۔ ترجمہ: دائیں ہاتھ سے رمی کرنا مستحب ہے۔ (لباب المناسک مع شرحہ للقاری، صفحۃ 317، مطبوعۃ المکۃ المکرمۃ)
بائیں ہاتھ سے رمی کرنا بھی جائز ہے، چنانچہ ”البحر العمیق“ میں ہے: أما في حق الجواز فلايتقيد بهيئة دون هيئة، بل يجوز كيفما كان۔ ترجمہ: باقی جہاں تک رمی جائز ہونے کا تعلق ہے، تو یہ کسی خاص طریقے یا حالت کے ساتھ مقید نہیں ہے، بلکہ یہ جس طرح بھی کی جائے، جائز ہے۔ (البحر العمیق، جلد 03، كيفية الرمي، صفحہ 1696، مطبوعہ مؤسسۃ الریَّان، بیروت)
کنکر کا جمرہ یا اُس کے اطراف میں تین ہاتھ تک گرنا ضروری ہے، چنانچہ ”الجوھرۃ النیرۃ“ میں ہے: وينبغي أن يقع الحصى عند الجمرة أو قريبا منها حتى لو وقع بعيدا لم يجز وحد القرب والبعد أن يكون ثلاثة أذرع في حد البعيد وما دونه قريب۔ ترجمہ: اور لازم ہے کہ کنکری جمرہ کے پاس یا اس کے قریب گرے، یہاں تک کہ اگر وہ دور گرے، تو رمی جائز نہیں ہوگی اور قرب و بعد کی حد یہ ہے کہ تین ہاتھ کا فاصلہ دور کی حد میں شمار ہوگا اور اس سے کم فاصلہ قریب شمار ہو گا۔ (الجوھرۃ النیرۃ، جلد 01، صفحہ 158، مطبوعہ المطبعة الخيرية)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری
فتویٰ نمبر: FSD-10005
تاریخ اجراء: 05 ذوالحجۃ الحرام 1447ھ / 22 مئی 2026 ء