جہاز میں عمرے کے احرام کی نیت کے بعد نفل نماز پڑھنے کا طریقہ

 

جہاز میں احرام کی نیت کریں، تو نفل کیسے پڑھیں؟

دارالافتاء اھلسنت عوت اسلامی)

سوال

عمرہ کے لئے جاتے ہیں، تو جب جہاز میں میقات پر سے گزرتے ہیں، تو اس وقت احرام کی نیت کرتے ہیں، ایسی صورت میں احرام کے نفل کس طرح پڑھے جا سکتے ہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

پاکستان سے  عمرہ کےلئے جاتے ہوئے عام طور پر  احرام گھر یا ائیر پورٹ سے  باندھ لیا جاتا ہے اور ہوائی جہاز میں احرام کی  نیت  کی جاتی ہے اور تلبیہ پڑھا جاتا ہے،  اس صورت میں احرام باندھنے کے بعد گھر میں ہوتو گھر میں اور ائیر پورٹ پر ہوتو وہاں کسی مناسب جگہ  اگر مکروہ وقت نہ ہوتو 2 رکعت  نمازِ نفل  بہ نیتِ احرام ( جس میں مرد بھی اپنا  سر ڈھانپے) پڑھی جائے  (جس میں بہتر یہ ہے کہ  پہلی رکعت میں  الحمد  شریف کے بعد ’’سورۃ الکافرون‘‘اور دوسری رکعت میں ’’سورۃ الاخلاص ‘‘پڑھی جائے ۔)

گھر یا ائیرپورٹ پر   یہ نوافل  پڑھنا  اگر میسر نہ  ہوا تو ممکنہ صورت میں  ہوائی جہاز میں اگر جگہ اور وقت ملے (جبکہ  ہوائی جہاز ائیرپورٹ پرکھڑاہو یا  ہوامیں پرواز کررہاہو تو ) تو یہ نوافل  ہوائی جہاز میں بھی پڑھے جا سکتے ہیں ۔ عمرہ کے متعلق مزید تفصیلی احکام جاننے کے لئے ایک بہترین اور راہ نما کتاب ’’رفیق المعتمرین‘‘ کا مطالعہ فرمائیں ، درج ذیل لنک پرکلک  کرکے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب:مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-2196

تاریخ اجراء:23شعبان المعظم1446ھ/22فروری2025ء