Madina se Makka Jane se 1 Din Pehle Haiz Ajaye to Kya Karen?

مدینہ منورہ سے مکہ جانے سے ایک دن پہلے ماہواری آنا شروع ہوگئی، تو کیا کیا جائے؟

مجیب:مولانا فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1863

تاریخ اجراء:15صفر المظفر1446ھ/21اگست2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   زید اور اس کی زوجہ چودہ دن کے لئے عمرے پر گئے، ان کا شیڈول شروع کے چار دن مکہ مکرمہ پھر چھ دن مدینہ منورہ اور آخری کے چار دن پھر مکہ مکرمہ جانے کا تھا۔ لیکن مدینہ منورہ سے دوبارہ مکہ مکرمہ جانے سے ایک دن پہلے اس کی زوجہ کو مخصوص ایام شروع ہو گئے، اس صورت میں ان کو کیا کرنا چاہیے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر کوئی عورت مدینۃ المنورہ سے براہ راست مکہ مکرمہ آئے تو اس صورت میں میقات عبور کرنے سے پہلے احرام باندھنا یعنی احرام کی نیت سے تلبیہ وغیرہ پڑھ لینا ضروری ہے، احرام کے بغیر میقات عبور کیا تو دَم لازم ہوگا، اور ایسا کرنے کی وجہ سے گناہ گار بھی ہوگی۔ نیز حالت حیض میں احرام باندھنے میں تو حرج نہیں، البتہ ایسی حالت میں عمرہ کاطواف نہیں کرے گی بلکہ پاک ہونے کا انتظار کرے گی۔

   لہٰذا پوچھی گئی صورت میں اگر عورت کو معلوم ہے کہ مکہ آنے کے بعد وہاں اتنے دن ملیں گے کہ پاکی کے بعد عمرہ ادا کرلے گی تو مدینہ سے مکہ آتے ہوئے حالتِ احرام میں میقات سے گزرے، اور پھر پاک ہونے کے بعد غسل کرکے عمرہ ادا کرلے۔

   البتہ اگر مکہ آنے کے بعد وہاں دو چار دن ہی ٹھہرنا ہے اور اتنے دنوں میں پاک ہونے کی امید نہیں تو معلم وغیرہ کو اعتماد میں لے کر عورت اپنے گھر کے افراد کے ساتھ بقیہ  دن مدینہ میں ہی گزار لے، اتنے دنوں کے لیے کم اخرجات میں کوئی ہوٹل  با آسانی مل سکتا ہے، پھر مکہ مکرمہ  میں داخل ہوئے بغیر مدینہ منورہ  سے ہی اپنے طور پر گاڑی وغیرہ کے ذریعہ براہ راست جدہ ائیر پورٹ پراپنے محرم کے ساتھ  چلی جائے، اور وطن واپس آجائے۔

   بعض اوقات مخصوص ایام کی وجہ سے ایسی صورت میں خواتین آزمائش کا شکار ہوجاتی ہیں، ایسی صورت حال کے متعلق محققِ اہلسنت مفتی علی اصغر عطاری دامت برکاتہم العالیہ نے اپنی کتاب”27 واجبات حج اور تفصیلی احکام“ میں بہت مفید مشورے تحریر فرمائے ہیں۔ اسی میں ایک مشورہ یہ ہے:”اگر عمرہ کر کے مدینہ منورہ آگئے تھے اب دوبارہ دو چار دن کے لئے مکہ شریف جانا ہے لیکن گھر میں سے کسی خاتون کی پاکی کا مسئلہ ہے تو تھوڑی سی کوشش کر کے یہ بقایا دن مدینہ منورہ ہی میں گزارے جا سکتے ہیں سستا ہوٹل بہ آسانی مل سکتا ہے یہاں سے اپنے طور پر براہِ راست جدّہ کی گاڑی کرکے جدّہ ائیر پورٹ پر پہنچا جاسکتا ہے۔چار افراد بمع سامان بآسانی سیون سیٹر گاڑی میں جا سکتے ہیں۔جدّہ کے لئے رُوٹ کی بسیں بھی جاتی ہیں وہ اور زیادہ سستی ہوتی ہیں۔لیکن معلّم کو اعتماد میں لینا ہوگا تا کہ وہ مدینہ منورہ میں پاسپورٹ حوالے کر دے۔“(27 واجبات حج اور تفصیلی احکام،صفحہ138۔140،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم