عمرہ کیلئے پاکستانیوں کی میقات کہاں ہے؟

پاکستان والوں کی میقات

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

جو زائرین پاکستان سے عمرہ کرنےکے لیے آتے ہیں، وہ احرام کہاں سے باندھیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

پاکستان سے عمرہ کے لیے جانے والوں کی میقات (احرام باندھنے کی جگہ) "کوہِ یلملم" (جسے آج کل سعدیہ کہتے ہیں) کی محاذات (یعنی سیدھ) ہے، اور یہ میقات دورانِ سفر جہاز میں آتی ہے لہذا اگر احرام کی پابندیوں کو پورا کرسکتے ہیں تو آسانی اسی میں ہے کہ پاکستان کے ایئر پورٹ پر احرام کی چادریں پہن لیں لیکن ابھی احرام کی نیت نہ کریں پھر جب جہاز اڑتے ہوئے کچھ وقت گزر جائے اس وقت نیت کرکے تلبیہ پڑھ لی جائے۔

رد المحتار میں ہے

"(قولہ: و العراقی) ای اهل البصرۃ و الکوفۃ و هم اهل العراقین و کذا سائر اهل المشرق"

ترجمہ: یلملم عراقیوں کے لیے میقات ہے یعنی اہل بصرہ اور اہل کوفہ کے لیے کہ یہی اہلِ عراق ہیں اور اسی طرح تمام اہلِ مشرق کے لیے یلملم میقات ہے۔ (رد المحتار، جلد 2، صفحہ 475، دار الفکر، بیروت)

بہارشریعت میں ہے "یہ میقاتیں اُن کے لیے بھی ہیں جن کا ذکر ہوا اور انکے علاوہ جو شخص جس میقات سے گزرے اُس کے لیے وہی میقات ہے اور اگر میقات سے نہ گزرا تو جب میقات کے محاذی آئے اس وقت احرام باندھ لے، مثلاً ہندیوں کی میقات کوہِ یَلَملَم کی محاذات ہے۔ اور محاذات میں آنا اُسے خود معلوم نہ ہو تو کسی جاننے والے سے پوچھ کر معلوم کرے اور اگر کوئی ایسا نہ ملے جس سے دریافت کرے تو تحری کرے اگر کسی طرح محاذات کا علم نہ ہو تو مکہ معظمہ جب دو منزل باقی رہےاحرام باندھ لے۔" (بہار شریعت، ج 01، حصہ 06، ص 1067 ، 1068، مکتبۃ المدینہ)

مفتی محمد رفیق الحسنی رحمۃ اللہ علیہ اپنی کتاب "رفیق المناسک" میں لکھتے ہیں: "یلملم: پاکستان، ہندوستان اور یمن کے لوگوں کے لئے جبلِ یلملم مکہ مکرمہ سے جنوب کی جانب تقریبا بتیس میل کے فاصلہ پر میقات ہے آجکل اس کو سعدیہ کہتے ہیں۔" (رفیق المناسک، صفحہ 299، جامعہ اسلامیہ مدینۃ العلوم، گلستان جوہر، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: WAT-3900

تاریخ اجراء: 07 ذو الحجۃ الحرام 1446 ھ / 4 جون 2025 ء