آسمان کس چیز سے بنا ہے؟

کیا پہلا آسمان سونے کا اور دوسرا چاندی کا ہے؟

دارالافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ کیا اس طرح کی بات کتابوں میں لکھی ہوئی ہے کہ پہلا آسمان سونے کا، دوسرا چاندی کا ہے وغیرہ؟ اگر ہاں! تو حوالے کے ساتھ ارشاد فرمائیں۔

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

اس حوالے سے، تفسیر، سیر اور تصوف کی کتابوں میں مختلف اقوال لکھے ہوئے ہیں، کچھ حوالہ جات درج ذیل ہیں:

تفسیر در منثور، تفسیر بغوی، تفسیر ثعلبی، تفسیر روح البیان، روح المعانی، اسی طرح سبل الہدیٰ والرشاد وغیرہ کتب میں ہے:

(واللفظ للاول) "عن الربيع بن أنس قال: السماء الدنيا موج مكفوف والثانية مرمرة بيضاء والثالثة حديد والرابعة نحاس والخامسة فضة والسادسة ذهب والسابعة ياقوتة حمراء"

ترجمہ: حضرت ربیع بن انس سے مروی ہے، آپ نے فرمایا کہ پہلا آسمان جو دنیا کے ساتھ ملا ہوا ہے وہ لپٹا ہوا، بہنے سے محفوظ ہے، دوسرا سفید مرمر کا ہے، تیسرا لوہے کا ہے، چوتھا تانبے کا ہے، پانچواں چاندی کا ہے، چھٹا سونے کا ہے، جبکہ ساتواں سرخ یاقوت کا ہے۔ (تفسیر درِ منثور، جلد1، صفحہ109، مطبوعہ: بیروت)

خلیفہ اعلی حضرت، مولانا تقدس علی خان علیہ الرحمۃ تحریر فرماتے ہیں: "کہتے ہیں کہ پہلا آسمان دودھ سے بھی زیادہ سفید ہے مگر کوہ قاف کی سبزی کی وجہ سے یہ ہرا نظر آتا ہے، اس آسمان کا نام رقیعہ ہے، دوسرے آسمان کا نام فیدوم یا ماعون ہے اور وہ ایسے لوہے کا ہے جس سے روشنی کی شعاعیں پھوٹی پڑتی ہیں، تیسرے آسمان کا نام ملکوت یا ہاریون ہے اور وہ تانبے کا ہے، چوتھے آسمان کا نام زَاہرہ ہے اور وہ آنکھوں میں خیرگی پیدا کرنے والی سفید چاندی سے بنا ہے، پانچویں آسمان کا نام مزینہ یا مسہرہ ہے اور وہ سرخ سونے کا ہے، چھٹے آسمان کا نام خالصہ ہے اور وہ چمکدار موتیوں سے بنایا گیا ہے، ساتویں آسمان کا نام لابیہ یا دامعہ ہے، وہ سرخ یاقوت کا ہے اور اسی میں بیت المعمور ہے۔" (مکاشفۃ القلوب مترجم، صفحہ203، مکتبۃ المدنیہ، کراچی )

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد حسان عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-4341

تاریخ اجراء: 16ربیع الثانی1447 ھ/10اکتوبر2025 ء