
دارالافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
اللہ پاک سے ڈر کر عبادت کرنے کا زیادہ ثواب ہے یا پھر اس سے محبت اور اس کے احکام کی بجا آوری پر عبادت کا زیادہ ثواب ہے؟
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
بزرگان دین سے عبادت کرنے والوں کی تین قسمیں منقول ہیں:
(1)وہ لوگ جو جہنم کے خوف کی وجہ سے عبادت کرتے ہیں۔
(2)وہ لوگ جو جنت کے شوق میں عبادت کرتے ہیں۔
(3)وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کی محبت میں اس کی عبادت کرتے ہیں، اور ان کا مقصود اللہ کی رضا کے علاوہ کچھ نہیں۔
بزرگانِ دین نے مذکورہ تینوں قسموں میں سے آخری قسم کے لوگوں کو سب سے بہتر اور افضل قرار دیا ہے۔
خزائن العرفان میں ہے: ”پہلا مقام تو یہ ہے کہ بندہ بخوفِ دوزخ اللہ کی عبادت کرے اس کو عذابِ نار سے امن دی جاتی ہے۔۔۔ دوسری قسم وہ بندے ہیں جو جنت کے شوق میں اللہ کی عبادت کرتے ہیں۔۔۔ تیسری قسم وہ مخلص بندے ہیں جو عشق الہٰی اور اس کی ذاتِ پاک کی محبت میں اس کی عبادت کرتے ہیں، اور ان کا مقصود اس کی ذات کے سوا اور کچھ نہیں ہے، انہیں حق سبحانہ و تعالیٰ اپنے دائرہ کرامت میں اپنی تجلی سے نوازے گا۔“(خزائن العرفان،ص141،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب:مولانا فرحان احمد عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-2211
تاریخ اجراء:29شعبان المعظم1446ھ/28فروری2025ء