
دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا بیماری سے شفا حاصل کرنے کے لیے اپنے اوپر یہ دعا "اَسْاَلُ اللهَ الْعَظِيْمَ رَبّ الْعَرْشِ العَظِيْمِ اَنْ يَشْفِيَكَ" پڑھ کر دم کر سکتے ہیں؟
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
جی ہاں! مریض یہ دعا پڑھ کر اپنے اوپر بھی دم کر سکتا ہے اور اپنے لیے پڑھنے کی صورت میں اس میں مذکور جملہ "أَنْ يَشْفِيَكَ" کو "اَن یَشْفِیَنِی" پڑھے۔ اور بہتر ہے کہ شروع میں یہ الفاظ بھی اضافہ کرلے
باسم اللّٰہ العظیم۔۔ الخ
اور اس دعا کو سات مرتبہ پڑھے ان شاء اللہ عزوجل فائدہ ہوگا۔
فتح القریب المجیب میں علامہ حسن بن علی القاہری لکھتے ہیں:
و في الباب عن علي رضي اللہ عنه بلفظ: ما من مريض لم يقض أجله تعوذ بهذه الكلمات إلا خفف اللہ عنه باسم اللّٰہ العظيم اسأل اللّٰہ العظيم رب العرش العظيم أن يشفيني سبع مرات
ترجمہ: اس باب میں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ سے ان الفاظ کے ساتھ بھی حدیث مروی ہے کہ کوئی مریض کہ جس کی موت کا وقت ابھی نہ آیا ہو وہ اگر ان کلمات کو سات مرتبہ پڑھے تو اللہ تعالی اس کے مرض میں کمی فرمادے گا، وہ کلمات یہ ہیں: عظیم اللہ کے نام سے شروع، میں عظیم اللہ سے جو کہ عرشِ عظیم کا مالک ہے، سوال کرتا ہوں کہ وہ مجھے شفا عطا فرمائے۔ (فتح القریب المجیب، جلد 13، صفحہ 562، 563، مطبوعہ: الریاض)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد آصف عطاری مدنی
فتوی نمبر: WAT-4328
تاریخ اجراء: 21 ربیع الآخر 1447ھ / 15 اکتوبر 2025ء