منہ میں پان رکھ کر وظائف یا درود پڑھنا کیسا؟

منہ میں پان ہونے کی حالت میں وظائف اور درود پاک پڑھنا

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

راستے میں جاتے ہوئے منہ میں پان رکھا ہو تو کیا اوراد و وظائف اور درودِ پاک پڑھ سکتے ہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

جو لوگ بغیر خوشبووالاتمباکو کھاتے ہیں اور اسے منہ میں دبا کر رکھنے کے عادی ہیں، ان کےمنہ میں اس کی بدبو بس جاتی ہے کہ قریب سےبات کرنےمیں دوسرےکواحساس ہوتا ہے، اس طرح تمباکو کھانا جائز نہیں کہ یہ نمازبھی یوں ہی پڑھے گا اور ایسی حالت میں نماز مکروہ تحریمی ہے اور مسجد میں جانا بھی حرام ہے، جب تک منہ سے بدبو دور نہ کر لے۔

اور  منہ میں بو کی حالت میں کوئی وظیفہ نہیں کرنا چاہئے۔  منہ اچھی طرح صاف کرنے کے بعد کرنا چاہئے۔ اور قرآن عظیم تو منہ میں بدبوہونے کی حالت میں پڑھنا اور بھی سخت ہے۔ ہاں جب منہ میں بدبو نہ ہو تو درود شریف و دیگر وظائف اس حالت میں بھی پڑھ سکتے ہیں اگرچہ منہ میں پان یا تمباکو ہو، اگر چہ بہتر صاف کر لینا ہے، لیکن قرآنِ کریم کی تلاوت کے وقت ضرور منہ بالکل صاف کرلیں، فرشتوں کو تلاوتِ قرآن عظیم کا بہت شوق ہے، جب مسلمان قرآن پڑھتا ہے فرشتے اس کے منہ پر منہ رکھ کر تلاوت کی لذت لیتے ہیں، اس وقت اگر منہ میں کھانے کی کوئی چیز ہو تو فرشتوں کو تکلیف ہوتی ہے۔

فتاوی رضویہ میں ہے ”جولوگ غیرخوشبو دارتمباکو کھاتے ہیں اور اسے منہ میں دبا رکھنے کے عادی ہیں ان کامنہ اس کی بدبو سے بس جاتا ہے کہ قریب سے بات کرنے میں دوسرے کو احساس ہوتا ہے اس طرح تمباکو کھانا جائز نہیں کہ یہ نمازبھی یوں ہی پڑھے گا اور ایسی حالت سے نماز مکروہ تحریمی ہے بخلاف حقہ کے کہ اس میں کوئی جرم منہ میں باقی نہیں رہتا اور اس کا تغیّرکلیوں سے فوراً زائل ہوجاتاہے۔(فتاویٰ رضویہ، جلد 24، صفحہ 555، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

احکام شریعت میں ہے ”بو کی حالت میں کوئی وظیفہ نہ کرنا چاہئے۔ منہ اچھی طرح صاف کرنے کے بعد ہو اور قرآن عظیم تو حالت بدبو میں پڑھنا اور بھی سخت ہے۔ ہاں جب بدبو نہ ہو تو درود شریف و دیگر وظائف اس حالت میں بھی پڑھ سکتے ہیں کہ منہ میں پان یا تمباکو ہو اگر چہ بہتر صاف کر لینا ہے۔ لیکن قرآنِ کریم کی تلاوت کےوقت ضرور منہ بالکل صاف کرلیں۔ فرشتوں کو قرآن عظیم کا بہت شوق ہے اور عام ملائکہ کوتلاوت کی قدرت نہ دی گئی۔ جب مسلمان قرآن پڑھتا ہے فرشتہ اس کے منہ پر منہ رکھ کر تلاوت کی لذت لیتے ہیں، اس وقت اگر منہ میں کھانے میں کسی چیز کا لگاؤ ہوتا ہے (تو) فرشتوں کو ایذا ہوتی ہے۔ (احکام  شریعت، صفحہ 147، کتب خانہ امام احمد رضا)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-4204

تاریخ اجراء: 11 ربیع الاول 1447ھ / 05 ستمبر 2025ء