برائیڈل شاور منانا کیسا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
برائیڈل شاور منانے کا حکم
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
برائیڈل شاور منانا کیسا؟
جواب
برائیڈل شاور ایک ایسی رسم ہے، جو شادی سے پہلے دلہن کے اعزاز میں اس کی سہیلیوں اورقریبی رشتے دار خواتین کی جانب سے منعقد کی جاتی ہے، جس میں دلہن کو تحفے دیے جاتے ہیں، اس کا حکم یہ ہے کہ اگر اس میں ناچ گانا، بے پردگی، مرد و عورت کا اختلاط یا اور کسی قسم کے گناہ کا کام شامل نہ ہو، تو برائیڈل شاور منانے میں حرج نہیں، لیکن عام طور پر اس رسم میں بے پردگی، مرد وعورت کا اختلاط، میوزک وغیرہ بھی ہوتا ہے، اگر ایسا ہو، تو پھر ایسی رسم منانا شرعی طور پر ناجائز و گناہ ہے اور اس سے بچنا ضروری ہے۔
امام اہلسنت، امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فتاوی رضویہ میں ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں: پھولوں کا سہرا جیسا سوال میں مذکور رسوم دنیویہ سے ایک رسم ہے جس کی ممانعت شرع مطہر سے ثابت نہیں، نہ شرع میں اس کے کرنے کا حکم آیا، تو مثل اور تمام عادات و رسوم مباحہ کے مباح رہے گا۔ شرع شریف کا قاعدہ کلیہ یہ ہے کہ جس چیز کو خدا و رسول اچھا بتائیں وہ اچھی ہے اور جسے برا فرمائیں وہ بری، اور جس سے سکوت فرمائیں یعنی شرع سے نہ اس کی خوبی نکلے، نہ برائی وہ اباحت اصلیہ پر رہتی ہے کہ اس کے فعل وترک میں ثواب نہ عقاب، یہ قاعدہ ہمیشہ یاد رکھنے کا ہے۔ (فتاوی رضویہ، جلد 23، صفحہ 319، 320، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: ہر ملک میں نئی رسوم ہر قوم و خاندان کے رواج اور طریقے جداگانہ (ہوتے ہیں)۔۔۔ رسو م کی بنا عرف پر ہے یہ کوئی نہیں سمجھتا کہ شرعاً واجب یا سنت یا مستحب ہیں لہٰذا جب تک کسی رسم کی ممانعت شریعت سے ثابت نہ ہو اُس وقت تک اُسے حرام و ناجائز نہیں کہہ سکتے، کھینچ تان کر ممنوع قرار دینا زیادتی ہے، مگر یہ ضرور ہے کہ رسوم کی پابندی اسی حد تک کر سکتا ہے کہ کسی فعل حرام میں مبتلا نہ ہو۔ بعض لوگ اِس قدر پابندی کرتے ہیں کہ ناجائز فعل کرنا پڑے تو پڑے مگر رسم کا چھوڑنا گوارا نہیں (یہ شرعاً درست نہیں)۔ (بہارِ شریعت، جلد 2، حصہ 7، صفحہ 104، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: ابو شاہد مولانا محمد ماجد علی مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4697
تاریخ اجراء: 10شعبان المعظم1447ھ / 30 جنوری2026ء