logo logo
AI Search

مرد کے اقرار کرنے پر عورت کو بدکار کہنا کیسا؟

بسم اللہ الرحمن الرحيم

کسی مردکے بدکاری کا اقرار کرنے پر خاتون کو بدکار کہنا کیسا؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

جواب

کسی کے یوں کہنے پر کہ اس نے فلاں عورت سے بدکاری کی ہے، عورت کو بدکار کہنے کی ہر گز ہر گز اجات نہیں، بلکہ یوں دل آزاری، غیبت وغیرہ کا معاملہ ہوگا، تو شرعاً یہ ناجائزو حرام ہے۔ دل آزاری کی صورت میں اللہ پاک کی بارگاہ میں سچے دل سے توبہ کے ساتھ ساتھ جس کی دل آزاری کی اس سے معافی بھی مانگنی ہوگی۔ نیز اگر واقعۃً ایسا ہوا بھی ہو تو بلاوجہ اس کی بدکاری کا ذکر کرنے کی اجازت نہیں کہ ہمیں مسلمان کی پَردہ پوشی کرنے کا حکم ہے۔

مشکوٰۃ المصابیح میں بحوالہ مسلم حدیث پاک میں ہے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ و اٰلہٖ و سلم نے ارشاد فرمایا: و من ستر مسلما سترہ اللہ فی الدنيا و الآخرة“ یعنی جس نے کسی مسلمان کی پردہ پوشی کی، اللہ پاک دنیا و آخرت میں اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔ (مشکوٰۃ المصابیح مع مرقاۃ المفاتیح، جلد 1، صفحہ 414، حدیث 204، مطبوعہ: بیروت)

مراٰۃ المناجیح میں ہے: (یعنی) چُھپے ہوئے عیب ظاہر نہ کرے! بشرطیکہ اس ظاہر نہ کرنے سے دین یا قوم کا نقصان نہ ہو، ورنہ ضرور ظاہر کر دے! کفار کے جاسوسوں کو پکڑوائے! خفیہ سازشیں کرنے والوں کے راز کو طَشْت اَزْبام (یعنی ظاہر) کرے! ظلماً قتل کی تدبیر کرنے کی مظلوم کو خبر دے دے! اخلاق اور ہیں، معاملات اور سیاسیات کچھ اور۔ (مراٰۃ المناجیح،جلد1،صفحہ189، نعیمی کتب خانہ، گجرات)

دوسری بات یہ بھی ہے کہ غیبت کی صورت میں جس کی غیبت کی ہے اگر اس کو اس غیبت کی خبر ہوگئی ہے تو اس صورت میں توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ اس سے معافی مانگنا بھی ضروری ہے، ورنہ فقط توبہ کرلینا ہی کافی ہے۔

بہارِ شریعت میں ہے: جس کی غیبت کی اگر اس کو اس کی خبر ہوگئی تو اس سے معافی مانگنی ضروری ہے اور یہ بھی ضروری ہے کہ اس کے سامنے یہ کہے کہ میں نے تمہاری اس اس طرح غیبت یا برائی کی تم معاف کردو اس سے معاف کرائے اور توبہ کرے تب اس سے برئ الذمہ ہوگا اور اگر اس کو خبر نہ ہوئی ہو تو توبہ اور ندامت کافی ہے۔ (بہار شریعت، ج 01، ص 538، مکتبۃ المدینہ، کراچی

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا رضا محمد عطاری مدنی 
فتویٰ نمبر: Web-2524
تاریخ اجراء: 19 ربیع الآخر 1447ھ / 13 اکتوبر 2025ء