logo logo
AI Search

درود شریف پڑھنا عبادت ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

درود شریف پڑھنا اللہ پاک کی عبادت ہے

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا درود شریف پڑھنا اللہ پاک کی عبادت ہے ؟

جواب

جی بالکل! نبی پاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر درود پڑھنا اللہ پاک کی عبادت ہے؛ کیونکہ درود پاک پڑھنا حکم خداوندی کی تعمیل ہے، نیز یہ دعا ہے اور دعا عبادت کا مغزہے۔ چنانچہ اللہ تبارک و تعالی قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے: ”﴿اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّؕ- یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا﴾“ ترجمہ: بے شک اللہ اور اس کے فرشتے غیب بتانے والے (نبی) پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود اور خوب سلام بھیجو۔ (پارہ22، سورۃ الاحزاب، آیت 56)

سنن الترمذی میں ہے "عن أنس بن مالك، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: الدعاء مخ العبادة" ترجمہ: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”دعا، عبادت کا مغز ہے۔ (سنن الترمذی، رقم الحدیث 3371، ص 1237، دار ابن کثیر)

درود پاک کے عبادت ہونے کے متعلق الترغيب والترھیب، القول البدیع اورالدر المنضود وغیرہ کتب میں ہے "عن وهب بن منبه، قال: ‌الصلاة ‌على ‌النبي صلى الله عليه وسلم ‌عبادة" ترجمہ: وہب بن منبہ سے مروی ہے، انہوں نے کہا: کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پردرود بھیجنا عبادت ہے۔ (القول البديع في الصلاة على الحبيب الشفيع، ص 134، دار الریان للتراث)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4899
تاریخ اجراء:28 شوال المکرم1447ھ/17اپریل 2026ء